نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے
روز سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت
بل میں حاضری دی اور وہیں نماز جمعہ بھی ادا کی۔این سی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق نے اس موقعہ پر عالم اسلام
کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا، ریاست کے لوگوں کی خوشحالی و ترقی کے
علاوہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوستی ، دونوں پڑوسی ممالک کے
لوگوں کی
خوشحالی و فارغ البالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے دعا کی ۔اس دوران وہاں کئی عوامی وفود اور پارٹی سے وابستہ کارکن اور عہدیدار بھی
ڈاکٹر فاروق سے ملاقی ہوئے جنہوں نے این سی ترجمان کے مطابق لوگوں کے مسائل
خصوصاً لوگوں کی موجودہ اقتصادی بد حالی ، بے روزگاری کے ساتھ ساتھ حکومت
کی طرف سے لوگوں پر جاری ظلم وستم، بلاوجہ نوجوانوں کی گرفتاریاں اور خوف
ودہشت پھیلانے اور لوگوں پر بلاوجہ طاقت کا استعمال جیسی شکایات سے پارٹی
صدر کو آگاہ کیا ۔